More Details
شفا شریف بڑی مبارک کتاب ہے، اس کی مقبولیت کی حدیں کون بیان کر سکتا ہے جبکہ محبوبِ خدا، حضور سرورِ کائنات علیہ السلام کی بارگاہ میں اسے مقبولیت حاصل ہے! بارگاہِ رسالت میں مقبولیت پانے کے بعد ہر زمانے میں علما و صلحا کی نظر میں یہ کتاب ایک خصوصی مقام کی حامل ہو گئی اور انھوں نے نظم و نثر میں اس کی تعریف فرمائی ہے، اس کتاب کی آج تک تقریباً 26 کے قریب شروحات و تلخیصات ہو چکی ہیں جن میں "شرحِ ملا علی قاری" اور "نسیم الریاض" حضرت علامہ احمد شہاب الدین خفاجی رحمہ اللہ تعالیٰ زیادہ مقبول ہیں۔ حضرت علامہ احمد شہاب الدین خفاجی فرماتے ہیں "شفا شریف" کا اسم اس کے مسمّٰی موافق ہے کیونکہ سلفِ صالحین فرماتے ہیں کہ اس کا پڑھنا بیماریوں سے شفا اور مشکلات کے لیے بہترین اور مجرب عمل ہے اور نبیِ کریم علیہ السلام کی برکت سے اس کتاب کے پڑھنے سے ڈوبنے، جلنے اور طاعون کی بیماریوں سے نجات رہتی ہے، غالباً اسی کتاب کے بارے میں فرمایا کہ جس گھر میں یہ کتاب ہو وہاں جادو اثر نہ کرے گا۔
شفا شریف کس موضوع پر ہے؟
یہ کتاب ہمارے نبی ﷺ کے حقوق کے بیان پر مشتمل ہے، جس طرح ہم یہ علم حاصل کرتے ہیں کہ ماں باپ کے کیا حقوق ہیں؟ میاں بیوی کے کیا حقوق ہیں وغیرہ اسی طرح یہ جاننا بھی بہت اہم ہے کہ ہمارے نبی ﷺ کے کیا حقوق ہیں؟ ایک امتی کو کیسا ہونا چاہیے؟ حضور علیہ السلام کے بارے میں کیا کہنا جائز ہے اور کیا ناجائز؟ اس کتاب میں انھی باتوں کا تفصیلی بیان ہے، ساتھ ہی گستاخِ رسول کی مذمت اور سزاؤں کے حوالے سے بھی تفصیل موجود ہے۔